فیکٹ چیک: کیا محمد رفیع کے نغمے 'جنت کی ہے تصویر یہ' پر پاکستان کے کہنے پر بھارت نے پابندی لگائی تھی؟ جانئے سچائی
سوشل میڈیا پر وائرل پوسٹ میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ محمد رفیع کے گانے "جنت کی ہے تصویر یہ" پر پاکستان کے مطالبے پر بھارت نے پابندی عائد کی تھی۔ لیکن تحقیق میں یہ دعویٰ فرضی پایا گیا

Claim :
پاکستان کے مطالبے پر حکومت ہند نے محمد رفیع کے نغمے 'جنت کی ہے تصویر یہ' پر پابندی عائد کی تھیFact :
نہ تو حکومت پاکستان نے ایسا کوئی مطالبہ کیا تھا اور نہ ہی حکومت ہند نے اس گانے پر کوئی پابندی لگائی تھی
پہلگام دہشت حملہ کے بعد حکومت ہند نے پاکستان کے خلاف سندھ طاس معاہدے پر عمل درآمد معطل کرنے سمیت کئی ایک اقدامات کئے ہیں۔ پاکستان کے یوٹیوب چینلوں پر پابندی، پاکستان کیلئے اپنی فضائی حدود بند کردینے کے بعد اب ایک اور سخت اقدام کرتے ہوئے بھارت نے پاکستان سے براہ راست یا بالواسطہ اشیاء کی درآمد پر پابندی عائد کر دی ہے۔
وزارت کامرس نے ایک نوٹی فکیشن جاری کرتے ہوئے کہا کہ، "پاکستان سے آنے والی یا وہاں سے برآمد کی گئی تمام اشیاء کی براہ راست یا بالواسطہ درآمد یا ٹرانزٹ پر فوری طور پر اگلے احکامات تک پابندی عائد کی جاتی ہے۔"
ایک جانب حکومت ہند کی جانب سے پہلگام حملے کے جواب میں پاکستان کے خلاف متعدد اقدامات کئے جارہے ہیں دوسری جانب سوشل میڈیا پلیٹ فارمس پر دونوں ممالک سے متعلق مختلف قسم کے ویڈیوز شئیر کرتے ہوئے کئی فرضی یا گمراہ کن دعوے کئے جارہے ہیں۔
اس دوران، سوشل میڈیا پر بالی ووڈ کے معروف گلوکار محمد رفیع کے نغمے 'جنت کی تصویر ہے' کے ویڈیو کو خوب شئیر کیا جارہا ہے اور ساتھ میں یہ بھی دعویٰ کیا جارہا ہیکہ 'پاکستان کے مطالبے پر اس وقت کی حکومت ہند نے اس نغمہ پر پابندی عائد کی تھی۔'
وائرل دعوے کا اردو متن۔
This song sung by Mohammed Rafi angered Pakistan. At that time, Pakistan requested the Indian government to ban the song, and the then Indian government agreed to their demand and banned it. This is a rare song — High chances that you might have never heard of it before.
ترجمہ: "محمد رفیع کے گائے ہوئے نغمے نے پاکستان کو ناراض کر دیا تھا۔ اس وقت پاکستان نے بھارتی حکومت سے اس گانے پر پابندی لگانے کی درخواست کی تھی، اور اس وقت کی حکومت ہند نے ان کا مطالبہ قبول کرتے ہوئے اس گانے پر پابندی لگا دی۔ یہ ایک نایاب گانا ہے، ممکن ہے آپ نے اسے پہلے کبھی نہ سنا ہو۔"
وائرل پوسٹ کا لنک یہاں اور آرکائیو لنک یہاں ملاحظہ کریں۔ [ ایک اور لنک یہاں اور آرکائیو یہاں]
وائرل پوسٹ کا اسکرین شاٹ یہاں دیکھیں۔
فیکٹ چیک:
تلگو پوسٹ کی فیکٹ چیک ٹیم نے وائرل پوسٹ میں کئے گئے دعوے کی جانچ پڑتال میں پایا کہ حکومت پاکستان نے محمد رفیع کے مشہور نغمہ کو لیکر نہ تو ایسا کوئی مطالبہ کیا اور نہ ہی حکومت ہند نے اس نغمہ پر ایسی کوئی پابندی عائد کی۔
سب سے پہلے ہم نے وائرل ویڈیو کے کلیدی فریمس اخذ کرکے انہیں گوگل ریورس امیج سرچ ٹول کی مدد سے سرچ کیا تو ہمیں 16 فروری 2024 کی ایک ٹوئیٹ ملی جس میں وائرل ویڈیو کے ساتھ کیپشن میں لکھا گیا ہیکہ 1966 میں ریلیز کردہ 'جوہر ان کشمیر' فلم کا 'جنت کی ہے تصویر یہ' نغمہ محمد رفیع کا گایا ہوا ہے، اور بول ہیں ایندی ور کے اور کلیان جی، آنند جی نے اسے اپنی سنگیت سے سنوارا ہے۔
معروف اداکار اندرا سین نے نہ صرف 'جوہر ان کشمیر' فلم میں کلیدی کردار ادا کیا ہے بلکہ انہوں نے اسے ہدایت بھی دی ہے۔
'آواز دی وائس' کے مطابق، اس فلم میں اسلم اور احمد نامی دو نوجوانوں کو اپنے علاقہ کے بارے میں لڑائی کرتے دکھایا گیا ہے۔ پھر ایک انگریز مداخلت کرتے ہوئے طنزیہ طور پر کہتا ہیکہ دیسی کبھی امن برقرار نہیں رکھ سکتے اور وہ زمین کو دو حصوں میں تقسیم کرکے انہیں اپنے اپنے علاقہ کو سنبھالنے کیلئے کہتا ہے۔
اس فلم میں معروف گلوکار محمد رفیع کا گایا ہوا نغمہ 'جنت کی ہے یہ تصویر' [کشمیر ہے بھارت کا کشمیر نہ دیں گے] خوب مشہور ہوا تھا۔ حالیہ دنوں میں ہند وپاک کے بڑھتے تناو کے بیچ، یہ ویڈیو دوبارہ وائرل ہورہا ہے۔
اپنی تحقیق جاری رکھنے پر ہمیں 1966 کا گزٹ آف انڈیا کا دستاویز ملا جس میں اس نغمے سے متعلق سنٹرل بورڈ آف فلم سنسر اور وزارت اطلاعات و نشریات کے سرکاری احکامات شامل کئے گئے ہیں اور ان احکامات کے مطابق، فلم کی پانچویں ریل میں اس گانے سے 'حاجی پیر' کا تذکرہ حذف کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ آپ اس گانے کو حذف کردہ الفاظ کے ساتھ یہاں سن یا دیکھ سکتے ہیں۔
گزٹ آف انڈیا کے نوٹی فکیشن کے مطابق، 'جنت کی ہے یہ تصویر' نغمے سے صرف 'حاجی پیر' کے الفاظ حذف کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔ اس نغمے سے متعلق حکومت پاکستان کی جانب سے ایسا کوئی مطالبہ نہیں کیا گیا تھا اور نہ ہی حکومت ہند نے اس نغمے پر پابندی عائد کی تھی۔ لہذا، وائرل پوسٹ میں کیا گیا دعویٰ فرضی پایا گیا۔