فیکٹ چیک: کانگریس لیڈر ہنمنت راو کے دھرنے کا ویڈیو تلنگانہ کانگریس کے ای ڈی دفتر کے باہر شاندار مظاہرے کے گمراہ کن دعوے کے ساتھ وائرل
سونیا اور راہول گاندھی کے خلاف چارج شیٹ کے بعد تلنگانہ میں ای ڈی دفتر کے باہر وی ہنمنت راو کے دھرنے کا ویڈیو یہ کہہ کر وائرل کیا جارہا ہیکہ کانگریس کا مظاہرہ فلاپ شو ثابت ہوا

Claim :
تلنگانہ میں ای ڈی دفتر کے باہر کانگریس کے احتجاج میں بندر کا تماشہ دیکھنے والی بھیڑ سے بھی کم مظاہرینFact :
تلنگانہ کانگریس ای ڈی دفتر کے باہر 17 اپریل کو احتجاج کریگی۔ تنہا کانگریس لیڈر کے دھرنے کا ویڈیو گمراہ کن دعوے کے ساتھ وائرل
نیشنل ہیرالڈ سے متعلق مبینہ منی لانڈرنگ کیس میں سونیا اور راہول گاندھی اور کانگریس کے دیگر لیڈروں کے خلاف انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی چارج شیٹ داخل کئے جانے کے خلاف 16 اپریل 2025 یعنی چہارشنبہ کے روز مختلف ریاستوں میں شدید احتجاج کیا گیا۔
کانگریس کے رہنماؤں نے دعویٰ کیا کہ مرکزی حکومت کی ہدایت پر ای ڈی نے جھوٹے الزامات کی بنیاد پر سونیا گاندھی، اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی اور دیگر کے خلاف چارج شیٹ داخل کی ہے۔
اس درمیان، حیدرآباد میں ای ڈی کے دفتر کے باہر کے نظارے کا ویڈیو شئیر کرتے ہوئے چند سوشل میڈیا صارفین دعویٰ کررہے ہیں کہ "یہ ہے تلنگانہ میں چکہ جام۔ سونیا-راہول کے خلاف چارج شیٹ کے بعد ای ڈی کے دفتر کے باہر ہزاروں کی بھیڑ جمع ہوئی۔
ویسے اس سے زیادہ بھیڑ تو بندر کا کھیل دکھانے والا مداری جمع کر لیتا ہے۔"
ہندی میں دعویٰ کا متن:
तेलंगाना में चक्का जाम
सोनिया-राहुल के खिलाफ चार्जशीट को लेकर ED ऑफिस के बाहर हजारों की भीड़ इकट्ठा हुई
वैसे इससे ज्यादा भीड़ तो बंदर का खेल दिखाने वाला इकठ्ठा कर लेता है
وائرل پوسٹ کا لنک یہاں اور آرکائیو لنک یہاں ملاحظہ کریں۔
وائرل پوسٹ کا اسکرین شاٹ یہاں دیکھیں۔
فیکٹ چیک:
تلگو پوسٹ کی فیکٹ چیک نے اپنی جانچ پڑتال میں پایا کہ حیدرآباد میں کانگریس کے مظاہرے کا نام نہاد ویڈیو شئیر کرکے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔
سب سے پہلے ہم نے حیدرآباد میں کانگریس کے مظاہرے سے متعلق گوگل سرچ کیا۔ اس دوران ہمیں تلگو نیوز ویب سائیٹ 'منالوکم' پر ایک مضمون ملا جس میں بتایا گیا ہیکہ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر مہیش کمار گوڈ ریاست میں موجود نہیں ہیں اسلئے ریاستی یونٹ نے 17 اپریل کو احتجاج منظم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ پارٹی کے سینئر لیڈر وی ہنمنت راو نے ای ڈی کے دفتر کے باہر کچھ ورکروں کے ساتھ تنہا احتجاج درج کرایا۔
مقامی ZED چینل نے بھی رپورٹ کیا ہیکہ ہنمنت راو نے تنہے تنہا دھرنا دیا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر سرچ کرنے پر ہمیں 'بی این این چینل' کی ٹوئیٹ ملی جس میں بتایا گیا ہیکہ تلنگانہ کانگریس نے جمعرات کے روز ای ڈی کے دفتر کے سامنے احتجاج منظم کرنے کا اعلان کیا ہے تاہم پارٹی کے سینئر لیڈر وی ہنمنت راو نے کانگریس کی کال کے مطابق آج ہی کے دن احتجاج درج کرایا۔ انہوں نے مرکزی حکومت کے خلاف نعرے بازی کی اور دعویٰ کیا کہ کانگریس کے خلاف 'سیاسی انتقام' کیلئے مرکز، جانچ ایجنسیوں کا استعمال کررہا ہے۔
اس جانکاری سے پھر ہم نے یوٹیوب پر سرچ کیا تو پایا کہ این ٹی وی، ٹی وی9 اور بگ ٹی وی جیسے تلگو نیوز ٹی وی چینلوں نے ہنمنت راو کے احتجاج کو رپورٹ کیا ہے۔
'تولی ویلوگو' نامی یوٹیوب چینل نے بھی اس احتجاج کو کوریج دیا ہے۔ اس ویڈیو میں سابق رکن پارلیمان وی ہنمنت راو اور چند کانگریس پارٹی ورکروں کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے دفتر کے باہر ہاتھوں میں وزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ اور ای ڈی کے پلے کارڈس تھامے ڈاؤن ڈاؤن کے نعرے کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
یوٹیوب چینل کے نامہ نگار سے بات چیت کرتے ہوئے دھرنے پر بیٹھے ہنمنت راو نے کہا کہ"سابق وزیر اعظم جواہر لعل نہرو کی طرف سے شروع کئے گئے نیشنل ہیرالڈ اخبار سے متعلق منی لانڈرنگ کے فرضی کیسز درج کئے گئے ہیں۔ مرکزی حکومت سونیا گاندھی اور راہول گاندھی سے سیاسی انتقام لے رہی ہے۔ مرکز کو وہم ہوگیا ہیکہ اگر ان دو لیڈروں کو سلاخوں کے پیچھے بھیج دیا گیا تو انکے خلاف کوئی آواز اٹھانے والا باقی نہیں رہےگا۔"
جانچ پڑتال اور میڈیا رپورٹس کی روشنی میں یہ واضح ہوگیا کہ تلنگانہ میں کانگریس پارٹی کی جانب سے سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کے خلاف ای ڈی کی چارج شیٹ کی مذمت میں کوئی احتجاجی مظاہرہ منظم نہیں کیا گیا حالانکہ ملک بھر کی پردیش کانگریس اکائیوں نے اپنی اپنی ریاستوں میں ای ڈی کے دفاتر کے باہر پرزور مظاہرے کئے۔ تلنگانہ کانگریس کے جمعرات کو مظاہرے کے اعلان کے باوجود وی ہنمنت راو نے تنہے تنہا ای ڈی کے دفتر کے باہر دھرنا دیا اور اس ویڈیو کو تلنگانہ کانگریس کے مظاہرے کے نام سے گمراہ کن دعوے کے ساتھ وائرل کیا جارہا ہے۔ لہذا، وائرل پوسٹ میں کیا گیا دعویٰ گمراہ کن پایا گیا۔